اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،عراق کی مزاحمتی تحریک النجباء نے واضح کیا ہے کہ امریکہ کے مکمل انخلا تک مزاحمتی گروہوں کا اسلحہ برقرار رکھا جائے گا اور اسے عراق کے دفاع اور خودمختاری کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے۔
النجباء کے رہنما ماجد الکعبی نے عرب اخبار الاخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اسرائیلی دھمکیوں کے باعث مزاحمتی قوتوں کی طاقت اور اسلحہ عراق کے تحفظ اور کسی بھی ممکنہ جارحیت کے خلاف ایک اہم دفاعی عنصر بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اسلحہ عراقی حکومت کے خلاف نہیں بلکہ اس کی حمایت اور مدد کے لیے ہے، جبکہ امریکہ کے پُرامن انخلا کے حوالے سے مذاکرات میں بھی یہ ایک مضبوط دباؤ اور مؤثر قوت کے طور پر کام کرتا ہے۔
ماجد الکعبی نے کہا کہ النجباء کے سیکریٹری جنرل شیخ اکرم الکعبی کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ عراق سے امریکی موجودگی کے خاتمے تک کسی بھی فریق کے حوالے اسلحہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ علاقائی حالات میں مزاحمتی قوتوں کی موجودگی عراق کے لیے ایک حفاظتی ڈھال کی حیثیت رکھتی ہے اور یہی طاقت دشمن کو کسی بھی مداخلت سے باز رکھنے کا ذریعہ ہے۔
آپ کا تبصرہ